نیویارک،30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکی وزارت خارجہ نے تائیوان کے لیے ملکی اسلحہ فروخت کرنے کی ایک بڑی ڈیل کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے دوران 1.4بلین ڈالر کی تائیوان کے لیے یہ پہلی ڈیل ہے، جسے منظور کیا گیا ہے۔ اس ڈیل میں سات مختلف اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس میں راڈار سِسٹم، انسدادِ تابکاری کے میزائل، تارپیڈوز اور ایس ایم ٹُو میزائل شامل ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو اس ڈیل کی حتمی منظوری کی سفارش کی ہے۔ ڈیل کے تحت اسلحے کی فراہمی اُسی وقت ممکن ہو گی جب امریکی کانگریس اس کی منظوری دے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس ڈیل کے نتیجے میں چین کی برہمی یقینی ہے۔